۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
علامہ علی حسنین

حوزہ/ اپنے بیان میں ایم ڈبلیو ایم رہنماء علامہ علی حسنین نے کہا کہ امام حسین علیہ السلام مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا ذریعہ بن گئے ہیں۔ جسے فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،مجلس وحدت مسلمین بلوچستان کے صوبائی نائب صدر و امام جمعہ علامہ علی حسنین حسینی نے کہا ہے کہ کربلا کی سرزمین میں کروڑوں زائرین کا اجتماع امام حسین علیہ السلام کی قربانی اور بی بی زینب سلام اللہ علیہا کے صبر کو نذرانہ عقیدت پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے ہیں۔ شہداء کربلا کی یاد میں نجف سے کربلا تک پیدل واک کرنے والے زائرین کا جذبہ قابل دید ہے۔

انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا کہ کربلا میں زائرین کی تعداد ہر سال بڑھ رہی ہے۔ مشکلات ترین حالات اور سنجیدہ صورتحال میں بھی زائرین ابا عبداللہ علیہ السلام نے ان کی زیارت ترک نہیں کی۔ اربعین واک اتفاق اور اتحاد بین المسلمین کا بہترین مظاہرہ ہے، جس میں پوری دنیا کے مسلمان ایک ہوتے ہیں اور نواسہ رسول سے محبت کا اظہار کرتے ہیں۔ امام حسین علیہ السلام مسلمانوں کے درمیان اتحاد کا ذریعہ بن گئے ہیں۔ جس کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

علامہ علی حسنین نے کہا کہ بین الحرمین میں ہر سال پاکستانی زائرین وطن عزیز پاکستان کا پرچم بھی بلند کرتے ہیں، جو ہم سب کے لئے باعث فخر ہے۔ حکومت کو چاہئے کہ زائرین کے لئے سہولیات کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے آسانیاں پیدا کرے۔ تاکہ عالم اسلام کے عظیم اجتماع میں پاکستان کی بہتر نمائندگی ہو۔ انہوں نے زائرین کو پیش آنے والے حالیہ حادثات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم متاثرین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ قافلہ سالاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ انسانی جان سے بڑھ کر زیادہ اہمیت کسی چیز کی نہیں ہے۔ اس معاملے میں غفلت برداشت نہیں کی جا سکتی ہے۔ ذمہ داران کسی بھی ممکنہ خطرے کی موجودگی کی صورت میں فوری اقدام اٹھائے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .